ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ’اقتدار میں آنے پر پہلی ہی کابینہ میٹنگ میں قرض معافی کا ہوگا اعلان‘، گجرات کے کسانوں سے کانگریس کا وعدہ

’اقتدار میں آنے پر پہلی ہی کابینہ میٹنگ میں قرض معافی کا ہوگا اعلان‘، گجرات کے کسانوں سے کانگریس کا وعدہ

Fri, 12 Aug 2022 23:06:39    S.O. News Service

احمد آباد،12؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) گجرات کانگریس نے جمعہ کو وعدہ کیا کہ اگر وہ ریاست میں برسراقتدار ہوتی ہے تو کسانوں کے 3 لاکھ روپے تک کے زرعی قرض معاف کر دے گی۔ ریاستی کانگریس چیف جگدیش ٹھاکور اور سابق صدر بھرت سنگھ سولنکی نے کہا کہ کانگریس حکومت کی پہلی کابینہ میٹنگ میں یہ پہلا فیصلہ ہوگا۔

گجرات اسمبلی انتخاب قریب آتے ہی کانگریس نے بھی انتخابی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ ریاستی کانگریس صدر جگدیش ٹھاکور اور سابق صدر بھرت سنگھ سولنکی نے قرض معافی کے وعدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہمیشہ کسانوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور ان کی زندگی بنانے میں ان کی مدد کرنے میں یقین کرتی ہے۔

بھرت سنگھ سولنکی نے کہا کہ ’’پارٹی کسانوں کو دس گھنٹے تک مفت بجلی دے گی۔ پارٹی ایک ایسا قانون لائے گی جو کھلے بازار میں بھی کسانوں کی ایم ایس پی کے حق کی حفاظت کرے گی، جب زرعی پیداوار کی قیمتیں کھلے بازار میں کریش ہو جاتی ہیں اور ایم ایس پی سطح سے نیچے آ جاتی ہیں۔‘‘

پارٹی نے کسانوں کو ایم ایس پی پر بونس دینے کا بھی وعدہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’کو آپریٹو ڈیریوں میں دودھ پیداوار میں تعاون کے لیے مویشی پروری کرنے والوں کو پانچ روپے فی لیٹر کی ادائیگی کی جائے گی۔ کسانوں کو ان کا درجہ دیں گے تاکہ وہ زرعی اراضی خرید سکیں اور اپنے مویشیوں کے لیے چارہ اُگا سکیں۔‘‘ ساتھ ہی کانگریس نے یہ بھی وعدہ کیا کہ وہ تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر روزگار دے گی۔ کانگریس لیڈروں نے وعدہ کیا کہ ان کی حکومت آنے کے بعد گھریلو اور کمرشیل بجلی خرچ کرنے کی شرحوں میں ترمیم کرے گی اور شرحوں کو کفایتی سطح پر لانے کا ہدف رکھے گی۔


Share: